خلیل جارج کی (ن) لیگ میں شمولیت، تمام پاکستانی ملکر وطن کو ترقی کی راہ گامزن ہے، معاہدہ مکہ اہمیت کا حامل ہے، جمال شاہ کاکڑ

خلیل جارج کی (ن) لیگ میں شمولیت، تمام پاکستانی ملکر وطن کو ترقی کی راہ گامزن ہے، معاہدہ مکہ اہمیت کا حامل ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ(دی باغوان)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)پاکستان میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اقلیتی برادری کی نمائندگی اور ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی،وطن عزیز کو مل کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے،سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدہ مکہ اہمیت کا حامل ہے جس کے اچھے اثرات سامنے آئیں گے، بہت جلد بلوچستان کے حالات جلد بہتر ہونگے۔یہ بات انہوں نے پیر کے روز سابق وفاقی وزیر اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے تعلق رکھنے والے اقلیتی رہنماء خلیل جارج کی پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر خلیل جارج، وزیراعظم یوتھ کوآرڈینیٹر حیدر خان اچکزئی، صوبائی ترجمان شاکر محمد حسنی، ضلعی صدر سردار سحر گل خلجی اور دیگر پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔کوئٹہ پریس کلب آمد پر اقلیتی برادری کی جانب سے رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کا پرجوش استقبال کیا گیا۔خلیل جارج نے مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن)میاں محمد نواز شریف نے انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن)سے علیحدہ ضرور رہے لیکن پارٹی قائدین کے خلاف کبھی بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی اقلیتی برادری کی خدمت کرتے رہیں گے۔جمال شاہ کاکڑ نے سابق وفاقی وزیر خلیل جارج کو مسلم لیگ (ن)میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔مسلم لیگ (ن)پاکستان میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور انہیں مساوی شہری حقوق اور مواقع کی فراہمی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا حل پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ان کے جان و مال کا تحفظ، مذہبی آزادی، تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانا ریاست اور سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے معاہدہ مکہ کواہمیت کا حامل قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نہ صرف تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں بلکہ تینوں ممالک خطے کے امن، سلامتی اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ معاہدہ مکہ تینوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اقلیتی برادری کو قومی دھارے میں مزید موثر انداز میں شامل کرنے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام اور مذاہب کے پیروکار برابر کے شہری ہیں اور ملکی ترقی میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ تقریبا 2ہزار افرادمسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کریں گے، جس سے پارٹی کی سیاسی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی دن رات محنت کر رہے ہیں اور بہت جلد بلوچستان کے حالات میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کابینہ میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے انہیں کوئی علم نہیں ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.