نوجوان بلوچستان کا قیمتی سرمایہ، صوبائی حکومت انہیں بااختیار بنانے کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے، میر شعیب نوشیروانی

نوجوان بلوچستان کا قیمتی سرمایہ، صوبائی حکومت انہیں بااختیار بنانے کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے، میر شعیب نوشیروانی
کوئٹہ(اے پی پی )صوبائی وزیر خزانہ و مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور انہیں ملکی و صوبائی معیشت میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے مختلف عملی اقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میرشعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو صلاحیت، ذہانت اور محنت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، تاہم انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مناسب مواقع اور جدید تعلیم و تربیت کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، ٹیکنیکل ایجوکیشن، فنی تربیت، کاروبار اور جدید ہنر سے جوڑنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان نے نوجوانوں کی ترقی کو اپنی پالیسی کا اہم حصہ بنایا ہے، کیونکہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنائے بغیر صوبے کی پائیدار ترقی ممکن نہیں۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کیلئے تعلیمی وظائف، لیپ ٹاپ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، روزگار کے مواقع، کاروباری معاونت، انٹرن شپ اور اسکل ڈویلپمنٹ جیسے پروگرامز پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ نوجوانوں کو صرف ملازمت کے متلاشی بنانے کے بجائے انہیں روزگار پیدا کرنے کے قابل بھی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کے نوجوانوں سے متعلق اقدامات کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں قومی و عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ہے۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو صرف سرکاری ملازمتوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں کاروبار، فری لانسنگ، ٹیکنالوجی، معدنیات، زراعت اور دیگر پیداواری شعبوںمیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیت اور تخلیقی سوچ موجود ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں سازگار ماحول، تربیت، مالی معاونت اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کرے۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ جدید ہنر سیکھیں، ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے صوبے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان نوجوانوں کو صوبے کی ترقی کا حقیقی شراکت دار بنانے کیلئے پرعزم ہے اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کیے گئے اقدامات کو مزید موثر اور وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہی نہیں بلکہ آج کی ترقی کے بھی اہم محرک ہیں، انہیں مواقع فراہم کرکے صوبے کو ترقی، خوشحالی اور معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.