کوئٹہ(پ ر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، انتھک جدوجہد اور بے مثال عزم کا ثمر ہے، آزادی کی قدر و منزلت کو سمجھنا اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔اپنے ایک پیغام میں سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ 14اگست ہمیں ان عظیم رہنمائوں اور لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے حصول کی خاطر بے شمار مشکلات برداشت کیں اور اپنی جانوں، مال اور گھروں کی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں، اپنے گھر بار چھوڑے اور آزادی کی خاطر بے مثال قربانیاں دیں۔ ان قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار ملک میں زندگی گزار رہے ہیں، اس لیے نئی نسل کو پاکستان کے قیام کی تاریخ اور اس کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی آزادی صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک عظیم ذمہ داری بھی ہے۔ ہمیں اپنے بزرگوں کی جدوجہد کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک میں اتحاد، بھائی چارے، برداشت، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو فروغ دینا ہوگا۔سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کریں گے اور اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی وابستگیوں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کی بقا اور استحکام اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور اجتماعی جدوجہد میں ہے۔منظور احمد کاکڑ نے پوری قوم خصوصا بلوچستان کے عوام کو 79 ویں جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے شہدا اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].