79ویں جشن آزادی:پاکستان کا استحکام، ترقی اور خوشحالی اتحاد، جمہوریت اور آئین کی بالادستی سے وابستہ ہے، جمال شاہ کاکڑ

79ویں جشن آزادی:پاکستان کا استحکام، ترقی اور خوشحالی اتحاد، جمہوریت اور آئین کی بالادستی سے وابستہ ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور قیامِ پاکستان کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان ایک عظیم نعمت ہے جس کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی۔79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے جمال شاہ کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک طویل اور تاریخی جدوجہد کے بعد آزاد وطن حاصل کیا۔ آزادی کے حصول کے لیے ہمارے آبائو اجداد نے بے مثال قربانیاں دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے اتحاد، عزم اور سیاسی جدوجہد کا نتیجہ تھا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یومِ آزادی مناتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ملک کی ترقی، سلامتی، خودمختاری اور خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قومی اتحاد اور یکجہتی ہی وہ قوت ہے جس کے ذریعے پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)وفاقی وصوبائی حکومتیں ملک اور خصوصا بلوچستان کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہیں۔ حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو بااختیار بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، تعلیم اور صحت کی سہولیات بہتر بنانا، انفراسٹرکچر کو ترقی دینا اور عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہے۔ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے تعلیم، صحت، آبپاشی، سڑکوں، توانائی، معدنی وسائل اور روزگار کے شعبوں میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی تعاون کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر مزید آگے لے جایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کے استحکام، جمہوری اداروں کے احترام، قانون کی حکمرانی اور سیاسی و معاشی استحکام سے ہو کر گزرتا ہے۔ ہمیں اختلافات کو جمہوری انداز میں حل کرتے ہوئے قومی مفاد کو ذاتی اور سیاسی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ پاکستان کے عوام نے امن اور وطن کے دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور قوم اپنی بہادر افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ جشنِ آزادی صرف خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی فرائض کا احساس کرنے اور پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 14 اگست کے موقع پر قومی یکجہتی، بھائی چارے، برداشت اور محبت کو فروغ دیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، ملک کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے اور اسے دنیا کی ترقی یافتہ اور مضبوط اقوام میں شامل کرے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.