کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر وطن عزیز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے پیارے وطن پاکستان، بالخصوص بلوچستان کے بہادر عوام، اور ان تمام بزرگوں اور شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں، روزگار اور اپنی ہر عزیز چیز قربان کی۔اپنے یوم آزادی کے پیغام میں نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے شاندار اور بلند و بالا پہاڑ ہمارے عزم، بہادری اور ثابت قدمی کی علامت ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آج بھی پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ 79ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو اس عزم کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم سب متحد ہوکر اپنے پیارے وطن کو امن، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کی راہ پر آگے لے کر جائیں گے۔جمال خان رئیسانی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اتحاد، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے بزرگوں اور شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے اپنی جانب سے، اپنے قبیلے اور بلوچستان کے عوام کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].