کوئٹہ(دی باغوان)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کے ہمراہ ٹراما سینٹر اور ایک نجی ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے مستونگ کے علاقے کنڈ عمرانی میں دہشتگردوں کے حملے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
وزیر داخلہ نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کے بلند حوصلے، بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں نے گزشتہ روز دہشتگردوں کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملے کو پسپا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ زخمی اہلکاروں کے حوصلے بلند اور عزم مضبوط ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر داخلہ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].