کوئٹہ(دی باغوان )پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ عین الحق مندوخیل کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور میر سلیم احمد کھوسہ وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی و سماجی رہنما عین الحق مندوخیل کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء میر سلیم احمد کھوسہ، راحیلہ حمید درانی، وزیراعلیٰ کے مشیر نسیم الرحمان ملاخیل، سابق وفاقی وزیر خلیل جارج، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے یوتھ افیئرز حیدر خان اچکزئی، پارٹی ترجمان شاکر محمد حسنی، نثار اچکزئی، سابق کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ میر عبد الفتاح جمالی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔جمال شاہ کاکڑ نے عین الحق مندوخیل کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایک طویل سیاسی تاریخ ہے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے، سی پیک منصوبے اور عالمی سطح پر پاکستان کو مقام دلانے میں قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے۔ چمن، کوئٹہ، کراچی شاہراہ اور ژوب، کوئٹہ شاہراہ کی تعمیر سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ نوجوانوں کا عزم اور تجربہ کار قیادت کا تجربہ مل کر انقلاب برپا کرے گا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پرانے نظریاتی کارکن آج بھی پارٹی کے ساتھ موجود ہیں، مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جہاں آنے والے ہر کارکن کو اپنا مقام ملتا ہے۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو نوجوانوں کی ضرورت ہے اور نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین بھی بہترین کام کررہی ہیں۔ قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان، پاکستان اور عالمی سطح پر خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ماہ میں بلوچستان کے 6 سے 7 دورے کیے، جو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ان کے احساس اور وابستگی کا ثبوت ہے۔ اسی وجہ سے آج لوگ جوق در جوق مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ سیاسی جماعت میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نظریاتی کارکنوں کی پارٹی سے محبت بڑھ رہی ہے۔ عوام کو مسائل اور خدشات ضرور درپیش ہیں، تاہم 14 اگست کو پورے پاکستان نے دیکھا کہ بلوچستان کے عوام نے کس طرح وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ امید ہے کہ بلوچستان کے حالات جلد بہتر ہوں گے، مایوسی کے بجائے امید کا دامن تھام کر آگے بڑھنا ہوگا۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے عین الحق مندوخیل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہر جماعت میں نظریہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ آج بھی درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران مسلم لیگ (ن) نے مشکل حالات کا سامنا کیا، تاہم حالات بدلتے رہتے ہیں اور انسان کو اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت اور وفاق میں مرکزی حکومت قائم ہے، ہمیں ان حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ پارٹی کارکنوں اور قیادت کی بڑی قربانیاں ہیں، جمال شاہ کاکڑ، میر سلیم احمد کھوسہ اور نسیم الرحمان ملاخیل کی قیادت میں پارٹی کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ عین الحق مندوخیل کی شمولیت پارٹی کے لیے اچھا اضافہ ہے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل نے عین الحق مندوخیل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ معاملہ پاکستان اور بلوچستان کا ہے، دشمن عناصر ہمیں تقسیم کرنے کے درپے ہیں تاہم ان کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا۔سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ عین الحق مندوخیل کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے قائد میاں محمد نواز شریف کی تحریک مزید مضبوط ہوگی، مسلم لیگ (ن) اپنے کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے یوتھ افیئرز حیدر خان اچکزئی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی کارکنوں کو کسی صورت نہیں بھلایا جائے گا، نئے ساتھیوں کی آمد سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].