سرانان میں مزدوروں پر فائرنگ، پانچ جاں بحق، پنجگور و واشک میں ٹریفک حادثات، 9 افراد جان سے گئے

سرانان میں مزدوروں پر فائرنگ، پانچ جاں بحق، پنجگور و واشک میں ٹریفک حادثات، 9 افراد جان سے گئے
کوئٹہ(دی باغوان) پشین کے علاقے سرانان سلیمان زئی میں ڈبل روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں اور تعمیراتی مشینری پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں اور تعمیراتی مشینری کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمی مزدور کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کی جانب سے حملے کو کالعدم تنظیم بی ایل اے سے منسوب کیا جا رہا ہے، تاہم حملے کی ذمہ داری اور واقعے کی مکمل تفصیلات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب پنجگور اور واشک میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پنجگور کے علاقے گوران میں دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں چار خواتین اور ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ دوہزاری ماڈل ایرانی گاڑی اور ایگزیو کار کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر واشک کے علاقے شمشی کے قریب زمیاد گاڑی الٹنے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے دونوں حادثات کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.