کوئٹہ(دی باغوان)ڈھاڈر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہندو تاجر کے گھر ڈکیتی کی واردات میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک موبائل فون اور 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق چند روز قبل ڈھاڈر شہر میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ہندو تاجر کے گھر میں داخل ہوکر اہلِ خانہ کو اسلحے کے زور پر خوف و ہراس میں مبتلا کیا اور نقدی، موبائل فون سمیت قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔واقعے کے بعد ڈی آئی جی پولیس سیوی رینج پرویز احمد عمرانی کی ہدایات پر کچھی/ڈھاڈر پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور مثر حکمتِ عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا اور تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، پولیس نے کہا ہے کہ ڈھاڈر شہر اور دیگر علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ڈھاڈر پولیس کی کارروائی پر شہریوں اور تاجر برادری نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].