منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کا دورہ، ادارے کو جدید ماڈل انسٹیٹیوٹ بنانے کا اعادہ

منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کا دورہ، ادارے کو جدید ماڈل انسٹیٹیوٹ بنانے کا اعادہ
کوئٹہ(دی باغوان)کیپٹن(ر)عبد الکبیر زرکون نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اپنے عہدے کا چارج لیتے ہی انہوں نے اپنے دیگر افسران کے ہمراہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی، ملک داد رئیسانی نے ایم ڈی بی ٹیوٹا کو ادارے کی کارکردگی، تعلیمی شعبہ جات اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں ایم ڈی بی ٹیوٹا نے کالج کی تمام لیبز اور مختلف ٹریڈز کا معائنہ کیا، اور وہاں موجود اسٹاف، انسٹرکٹرز اور دیگر افسران سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی بی ٹیوٹا کیپٹن(ر)عبد الکبیر زرکون نے کہا وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے تحت کہ بی ٹیوٹا بہت جلد گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کو جدید ترین مشینری اور وقت کی تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی سے لیس کر کے ایک 'ماڈل انسٹیٹیوٹ' میں ڈھالے گا، تاکہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوان فوری طور پر باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی شعبے (انڈسٹری)کی جدید ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور بہتر حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع اور بہتر مواقع میسر آسکیں۔ واضح رہے کہ بی ٹیوٹا ترمیمی ایکٹ 2026 کی منظوری کے بعد صوبے کے تمام فنی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی ادارے اب بی ٹیوٹا کی چھتری تلے کام کریں گے، جس کا مقصد فنی تعلیم کے معیار کو یکساں اور موثر بنانا ہے۔دورے کے اختتام پر کالج انتظامیہ اور اسٹاف نے ایم ڈی بی ٹیوٹا کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور عزم ظاہر کیا کہ ادارے کی بہتری اور اس کا تعلیمی و فنی مقام بلند کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.