بلوچستان محکمہ صحت: صفر حاضری والے ملازمین کی 25 روز کی تنخواہ کاٹنے کا حکم

بلوچستان محکمہ صحت: صفر حاضری والے ملازمین کی 25 روز کی تنخواہ کاٹنے کا حکم
کوئٹہ(دی باغوان)محکمہ صحت بلوچستان نے اگست 2026 کے دوران صفر حاضری ریکارڈ ہونے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی 25 دن کی تنخواہ کاٹنے کے احکامات جاری کردیئے۔محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران (DHOs)، میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر متعلقہ افسران کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اے آئی بیسڈ اٹینڈنس پورٹل کے ریکارڈ کے جائزے کے دوران متعدد ملازمین کی اگست 2026 میں حاضری صفر پائی گئی۔مراسلے کے مطابق ایسے غیر حاضر ملازمین کی فہرست اینکسر-اے کے ذریعے متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی ہے، جبکہ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ فہرست میں شامل ملازمین کی 25 روز کی تنخواہ قابل اطلاق قواعد و محکمانہ ہدایات کے مطابق منہا کی جائے۔محکمہ صحت نے مزید ہدایت کی ہے کہ تنخواہوں میں کٹوتی کی تصدیق شدہ کمپلائنس رپورٹ پانچ ورکنگ دنوں کے اندر ای-لیٹر پورٹل کے ذریعے محکمہ کو ارسال کی جائے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا مطلوبہ رپورٹ جمع نہ کرانے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ افسر کے خلاف قواعد کے مطابق ذمہ داری عائد کی جائے گی۔محکمہ صحت بلوچستان نے مذکورہ احکامات کو انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.