سعودی آئل پائپ لائن پر حملہ، عراقی فورسز نے ڈرون لانچ کرنے کی جگہ کا سراغ لگا لیا سعودی پائپ لائن کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی 4 فیصد سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ

سعودی آئل پائپ لائن پر حملہ، عراقی فورسز نے ڈرون لانچ کرنے کی جگہ کا سراغ لگا لیا سعودی پائپ لائن کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی 4 فیصد سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ
ریاض(جیو نیوز)سعودی تیل کے خریداروں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر سعودی عرب نے بحیرہ احمر کی طرف جانے والی اپنی تیل پائپ لائن کو چند دنوں میں دوبارہ بحال نہ کیا تو اس کے پاس برآمدات کے لیے تیل کا ذخیرہ ختم ہو جائے گا جس کے نتیجے میں عالمی تیل سپلائی میں 4 فیصد تک کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جمعے کے روز ہوئے ڈرون حملوں کے باعث سعودی عرب کو اپنی وسیع 'ایسٹ ویسٹ' آئل پائپ لائن بند کرنی پڑی تھی۔ سعودی عرب اس پائپ لائن کو روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل تیل (جو عالمی سپلائی کا تقریباً 4 فیصد بنتا ہے) بحیرہ احمر پر واقع ینبع بندرگاہ تک لے جانےکے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق پائپ لائن کے غیر فعال ہونے کے بعد ینبع بندرگاہ پر اب محض 5 سے 7 دن کی برآمدات کو برقرار رکھنے کے لیے ذخائر موجود ہیں۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے پاس بحیرہ احمر پر واقع مصر کی 'عین سُخنہ' اور بحیرہ روم پر واقع 'سیدی کریر' بندرگاہوں سے بھی خریداروں کو مزید چند دنوں تک سپلائی جاری رکھنے کے لیے تیل کے ذخائر موجود ہیں۔ عراقی سکیورٹی فورسز نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر حملے میں استعمال ہونے والی جگہ کا پتا لگالیا جبکہ ڈرون لانچ کرنے کے آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق عراق میں جس مقام سے پائپ لائن پر حملہ کیا گیا وہاں ایران نواز مسلح گروپ سرگرم ہیں۔ حکام کے مطابق حملے کے بعد ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث حالیہ مہینوں میں یہ پائپ لائن خلیجی تیل کی ترسیل کے لیے اہم ذریعہ رہی ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ اور عراق کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے کیے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق گفتگو میں علاقائی صورتِ حال، دوطرفہ تعلقات اور خطے میں تنازعات کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.