ملاوٹی دودھ کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا دوسرے روز بھی کریک ڈاؤن، 2,120 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 16 یونٹس جرمانہ، ایک خفیہ یونٹ سیل

ملاوٹی دودھ کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا دوسرے روز بھی کریک ڈاؤن، 2,120 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 16 یونٹس جرمانہ، ایک خفیہ یونٹ سیل
کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ دہی کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ کی فروخت و سپلائی کے خلاف فوری ایکشن لیا۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے رئیسانی روڈ، ملحقہ علاقوں اور نواں کلی بائی پاس میں دودھ کی دکانوں، ملک سپلائرز، دودھ بردار گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر مشتبہ مقامات کی چیکنگ کی۔ کارروائیوں کے دوران 50 سے زائد مراکز، دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر ذرائع نقل و حمل کی اسنیپ چیکنگ کی گئی۔دوسرے روزخصوصی مہم کے دوران موبائل لیبارٹریز کے ذریعے مجموعی طور پر 11,590 لیٹر دودھ کی موقع پر جانچ کی گئی، ملاوٹ ثابت ہونے پر 2,120 لیٹر ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ٹیسٹنگ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور اسکمڈ ملک کی نشاندہی ہوئی۔کارروائیوں کے دوران خلاف ورزیوں پر 16 فوڈ بزنس یونٹس کو جرمانے عائد کیے گئے جبکہ ایک خفیہ یونٹ سیل کر دیا گیا۔ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر ہی دودھ کے معیار کی جانچ کرتے ہوئے غیر معیاری اور ملاوٹی دودھ کو تلف کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان ان اس سلسلے میں کہا ہے کہ ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ کی فروخت و سپلائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ آپریشنز مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں ، دودھ کی سپلائی چین میں ملاوٹ کی روک تھام کے لیے دکانوں کے ساتھ ساتھ دودھ بردار گاڑیوں اور سپلائرز کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ڈی جی بی ایف اے نے کہا کہ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر فوری ٹیسٹنگ سے ملاوٹ کی بروقت نشاندہی اور فوری کارروائی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.