کوئٹہ(خ ن)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی امور سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ بلوچستان زاہد سلیم سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو گوادر میں جاری اور مکمل کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں، شہر کی تعمیر و ترقی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ جی ڈی اے گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کو جدید تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جی ڈی اے کی میونسپل سروسز کے تحت شہر کی شاہراہوں اور گلیوں کی صفائی، بیچز کی صفائی، ڈرینج اور سیوریج لائنوں کی صفائی و دیکھ بھال، گرین بیلٹس اور مختلف گراونڈز میں شجرکاری، درختوں کی حفاظت و دیکھ بھال، واٹر سپلائی اور ڈسٹری بیوشن کے نظام کی نگرانی سمیت مختلف شہری خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔ اسی طرح شہر میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور تعمیراتی سرگرمیوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق لانے کے لیے بھی باقاعدہ کارروائیاں جاری ہیں۔اجلاس میں جی ڈی اے کے انتظامی ڈھانچے، ہیومن ریسورس، مالیاتی امور اور بجٹ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے جاری و نئے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، رواں مالی سال میں مختص ترقیاتی فنڈز اور مختلف منصوبوں کے لیے درکار اضافی مالی وسائل سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا۔گوادر میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ سوڈ ڈیم میں پانی کا سطح کم ہونے کے بعد اس وقت شادی کور سے روزانہ پانی پمپ کرکے گوادر شہر کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ شادی کور پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث جنریٹرز کے ذریعے مسلسل پمپس چلائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ایندھن اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں اضافی فنڈز کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شادی کور پمپنگ اسٹیشن کو پسنی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی کے لیے علیحدہ فیڈر کی تنصیب سے متعلق پی سی ون صوبائی حکومت کو منظوری کے لیے پیش کیا جا چکا ہے، جس پر جلد پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے گوادر کے شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات، جن میں کھیلوں کے میدان، پارکس اور تفریحی مقامات، جی ڈی اے اسکول، جی ڈی اے ہسپتال، شاہراہوں کا نیٹ ورک، ماہی گیری کے شعبے کے لیے سہولیات، جیٹیز اور بریک واٹرز سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں، کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر جی ڈی اے اولڈ ٹاون بحالی منصوبے کے تحت مکمل کیے گئے منصوبوں کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ملا فاضل چوک، جو گوادر کا ایک دیرینہ اور اہم تجارتی مرکز ہے جو گزشتہ کئی ادوار سے سیوریج اور ڈرینج کا ابلتا تالاب بن گیا تھا جی ڈی اے نے اس کی تعمیر و توسیع کرکے اسے جدید اور خوبصورت چوک میں تبدیل کیا گیا ہے، جس سے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔اسی طرح ایک عرصے سے سیوریج اور گندے پانی کے جوہڑ کا منظر پیش کرنے والے دیمی زر پر سڑک کی تعمیر، جدید ڈرینج نظام کی تنصیب اور بیچ ایریا کی صفائی و خوبصورتی کے اقدامات کے ذریعے اسے ایک بہتر اور صاف ستھری شہری جگہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔اجلاس میں جی ڈی اے کی آمدن میں اضافے کے امکانات اور ادارے کے مالی وسائل کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے جی ڈی اے کی آمدن میں اضافے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے، موجودہ وسائل کے موثر استعمال اور مالی استحکام کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔جی ڈی اے اسکول کے مستقبل کے حوالے سے بھی اجلاس میں اہم غور و خوض کیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے جی ڈی اے ہسپتال کی آوٹ سورسنگ کے کامیاب تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے جی ڈی اے اسکول کو بھی کسی مستند اور تجربہ کار ادارے کے ذریعے چلانے کے امکان کا جائزہ لینے کی ہدایت کی، تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادارے کے انتظامی و مالی اخراجات کو بھی موثر انداز میں کم کیا جا سکے۔چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہدایت کی کہ جی ڈی اے بورڈ گورننگ باڈی کے آئندہ اجلاس میں ادارے کی آمدن میں اضافے کے امکانات، مالی خود انحصاری، جی ڈی اے اسکول کے مستقبل کے لیے موزوں انتظامی ماڈل اور جی ڈی اے کے نان ڈویلپمنٹ بجٹ سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل پیدا کرنے سے متعلق جامع سفارشات پیش کی جائیں۔اجلاس میں گوادر کی پائیدار شہری ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری، جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ادارے کے انتظامی و مالی نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے جی ڈی اے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].