کوئٹہ (خ ن) کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ گرین بس سروس میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ڈیجیٹلائزیشن، بزنس پلان، مانیٹرنگ اور دیگر امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نعمت اللہ ترین، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، محکمہ ٹرانسپورٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور دیگر کنسلٹنٹ فرم سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو کوئٹہ گرین بس سروس میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، بزنس پلان، مانیٹرنگ اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ کوئٹہ گرین بس سروس کے تمام معاملات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیا جائے۔ انہوں نے ٹکٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کرتے ہوئے الیکٹرانک ٹکٹنگ مشینوں اور کارڈ سسٹم کے اجرا کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں کنسلٹنٹ کے ذریعے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جدید الیکٹرانک ٹکٹنگ مشینری اور کارڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کی کامیابی کے بعد اسے دیگر تمام بسوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔اجلاس میں بس اسٹاپس پر مسافروں کی سہولت کے لیے الیکٹرانک ڈسپلے اسکرینز اور بیٹھنے کے لیے کرسیاں فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ گرین بس سروس کی مانیٹرنگ کرنے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی بنایا جائے گا جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ایپ کو بھی متحرک کیا جائے گا۔موجودہ روٹ کے علاوہ 22 فیڈر روٹس کے فزبیلٹی سروے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جن کے لیے مجموعی طور پر 97 بسوں کی ضرورت ہوگی۔ ان روٹس پر سروس کے آغاز کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کمشنر نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ کوئٹہ گرین بس سروس کی تمام بسوں کی باقاعدگی سے انسپیکشن اور جانچ پڑتال کی جائے۔ بس اسٹاپس کی حالت، مسافروں کو درپیش مشکلات اور بسوں کی کنڈیشن کی مسلسل مانیٹرنگ کرتے ہوئے خامیوں کو دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ کوئٹہ گرین بس سروس حکومت بلوچستان کا ایک اہم عوامی منصوبہ ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو کم کرایوں میں بہتر اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے سروس کی بہتری اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].