ٹوکیو۔(اے پی پی):طاقتور سمندری طوفان ڈوجوان پیر یا منگل تک جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سمیت ملک کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکر اسکتا ہے۔ شنہوا کے مطابق جاپان کے محکمہ موسمیات نے مذکورہ علاقوں کے مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسلادھار بارش اور شدید ہواؤں کے خطرے کے پیشِ نظر انتہائی چوکس رہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاپان کے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 9 بجے تک رواں سال کا 25واں سمندری طوفان ڈوجوان (Dujuan) ملک کے جنوب میں سمندر کے اوپر شمال مغرب کی جانب 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا تھا۔ اس کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 126 سے 180 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔یہ سمندری طوفان پیر کوٹوکیو کے مشرق میں واقع صوبے چیبا کےجزیرہ نما بوسو سے ٹکرا سکتا ہے جس کے نتیجے میں موسلادھار بارش، شدید ہوائیں چلنے اور سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے، اس سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔یہ سمندری طوفان ایسے وقت میں آ رہا ہے جب جاپان میں پانچ روزہ تعطیلات جاری ہیں۔ ممکنہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔شہری علاقوں میں لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں اور زیرِ زمین تنصیبات میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے محتاط رہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].