کوئٹہ (خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ساران تنگی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ آپریشن شعبان 2 کے تحت ساران تنگی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک جبکہ 9 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کے ذریعے دہشتگرد عناصر کے خلاف اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل قدر ہیں اور ریاستی ادارے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔دریںاثناء وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں انسدادِ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ داخلہ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی ہے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسدادِ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ شہید پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے، ان کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جس پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ واقعے کے محرکات اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ متعلقہ ادارے واقعے کے تمام پہلووں کا جائزہ لے رہے ہیں اور تحقیقات کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم بچوں کو ایک خطرناک بیماری سے محفوظ رکھنے کی قومی کاوش ہے، اس مہم سے وابستہ ٹیموں کی حفاظت انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].