کوئٹہ(دی باغوان)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین سروس کا آغاز وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی بلوچستان کے عوام کیلئے ایک اہم اور خوش آئند اقدام ہے، جس سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی بنیاد رکھنا حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہے۔ جناح پیپلز ٹرین سروس کوئٹہ کے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے دبائو میں کمی اور شہری آمدورفت کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ مختصر مدت میں مکمل ہونا قابلِ تحسین ہے۔ اس منصوبے سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں، طلبہ، ملازمین اور عام مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جناح پیپلز ٹرین سروس صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرین سروس کو مستقبل میں مزید توسیع دی جائے گی تاکہ کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے عوام بھی اس جدید سفری سہولت سے استفادہ کرسکیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].