کوئٹہ،( اے پی پی ) بلوچستان پولیس نے کوئٹہ میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد، ٹریفک نظم و ضبط کی بہتری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بغیر لائسنس، بغیر کاغذات، کم عمر ڈرائیوروں اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 16 لاکھ 48 ہزار 700 روپے جرمانے وصول کیے گئے، جبکہ اسی عرصے کے دوران تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنے والے شہریوں کو 9 ہزار 607 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ میں کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ٹریفک پولیس کی سخت کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ غیر قانونی پارکنگ، غلط سمت میں ڈرائیونگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ترجمان بلوچستان پولیس نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور نہ صرف اپنی زندگی بلکہ سڑک پر موجود دیگر شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں، اس لیے والدین اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا دیگر گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں۔
ترجمان کے مطابق سڑکوں پر حادثات کی روک تھام، شہریوں کو محفوظ سفری ماحول کی فراہمی اور ٹریفک نظام میں بہتری بلوچستان پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق جرمانوں اور دیگر قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بلوچستان پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں، ڈرائیونگ کے دوران لائسنس اور گاڑی کے ضروری کاغذات اپنے ہمراہ رکھیں، غلط سمت ڈرائیونگ اور غیر قانونی پارکنگ سے گریز کریں اور کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ سے روکیں۔
ترجمان نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر نظم و ضبط کا قیام ممکن نہیں۔ شہریوں کے تعاون سے ہی محفوظ سڑکیں اور حادثات سے پاک سفری ماحول یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].