کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی کو مضبوط، منظم اور فعال بنانے کے لیے تنظیم سازی کا عمل تیز کیا جائے گا، کارکن گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی بی 43 میں مسلم لیگ (ن)کے رابطہ دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے حلقہ پی بی 43 کے پارٹی دفتر کا افتتاح کیا، اس موقع پر سینکڑوں افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا اعلان کیا۔جمال شاہ کاکڑ نے نئے شامل ہونے والے افراد کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مسلم لیگ (ن)کو فعال اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رابطہ دفتر عوام اور پارٹی کے درمیان براہ راست رابطے کا ذریعہ بنے گا، جہاں شہری اپنے مسائل سے پارٹی قیادت اور کارکنوں کو آگاہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ترقی، استحکام اور خوشحالی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو طویل عرصے سے مختلف نعروں اور وعدوں کا سامنا رہا ہے، اب عوام اپنے مسائل اور حقوق کے بارے میں خود فیصلہ کریں گے۔ تعلیم، صحت، صاف پانی، روزگار اور امن و امان عوام کے بنیادی حقوق ہیں اور ان کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں، ان کے مسائل سنیں اور پارٹی کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو پارٹی کا اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سیاسی عمل میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے یوتھ افیئرز حیدر خان اچکزئی، مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر، سیکرٹری رابطہ عبدالفتح جمالی، ترجمان شاکر محمد حسنی، نثار خان اچکزئی، عطااللہ محمدزئی، قربان بگٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].