کوئٹہ(خ ن)ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے شہریوں کی جانب سے چوری، چھینا جھپٹی اور دیگر اسٹریٹ کرائمز سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے ہدایت کی ہے کہ قابلِ دست اندازی جرم کی اطلاع ملنے پر محض روزنامچہ میں اندراج کرکے معاملہ ختم کرنے کے بجائے قانون کے مطابق ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں دانستہ غفلت یا کوتاہی برتنے والے افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عمران شوکت نے ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں ایسے معاملات کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری قانونی کارروائی اور انہیں بروقت داد رسی فراہم کی جائے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ پولیس سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں شہری کوئٹہ پولیس کی ویب سائٹ پر شکایت درج کرا سکتے ہیں یا متعلقہ افسر کے دفتر سے براہِ راست رجوع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے پولیس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].