کوئٹہ(خ ن) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ژوب کا دورہ کیا جہاں آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔دورے کے دوران ڈی آئی جی ژوب نے آئی جی بلوچستان کو ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس محمد طاہر نے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرائض کی مؤثر انجام دہی کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں آئی جی بلوچستان نے ژوب میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سے براہ راست ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔دورہ ژوب کے موقع پر آئی جی بلوچستان نے شہداء پولیس کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل و خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ پولیس شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔آئی جی پولیس محمد طاہر نے علاقے کے معتبرین اور عمائدین سے بھی ملاقات کی، جس میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر عوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے اور مقامی معتبرین اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتی رہے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].