کوئٹہ(دی باغوان)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری گندم کے آٹے کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17افراد کو گرفتار اور 5 دکانیں سیل کردیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر غیر معیاری آٹے کی فروخت سے متعلق وائرل ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی محمد امیر حمزہ نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ میزان چوک، قندہاری بازار، کواری روڈ، ایم ڈی ایس ڈیپارٹمنٹل اسٹور اور قدوسی ڈیپارٹمنٹل اسٹور سمیت مختلف تجارتی مراکز کا معائنہ کیا۔کارروائی کے دوران مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والے آٹے کی فروخت پر 10 افراد کو گرفتارکیا گیا جبکہ 15 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ نواں کلی اور عالموں چوک میں کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری آٹا فروخت کرنے والے 7افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا جبکہ 3دکانیں سیل کردی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں غیر معیاری اشیائے ضروریہ کی فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].