اسرائیل(جیو ینوز)اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے اتحاد نے انتخابات کے دوران عرب جماعتوں پر مبینہ قطری فنڈنگ کے غیر مصدقہ الزامات عائد کرتے ہوئے دباؤ بڑھا دیا ہے۔
اس مہم کے دوران انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان قومی سلامتی کے وزیر اتمر بین گویر نے عرب جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
یہ دباؤ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سینٹرل الیکشنز کمیٹی کے چیئرمین نے غیر ملکی فنڈنگ کے شبہے پر 'شن بیت' کو تحقیقات کا حکم دیا ہے حالانکہ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دھاندلی کے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ اس مہم کا مقصد اپوزیشن کے لیے عرب جماعتوں کے ساتھ اتحاد کو مزید مشکل بنانا ہو سکتا ہے۔
انتہائی دائیں بازو کے رہنما اتمر بین گویر نے کہا کہ اگر قانونی جواز موجود ہو تو شن بیت کو ان عرب رہنماؤں کی گرفتاری کا حکم دینا چاہیے جن پر قطری فنڈنگ میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
اسی طرح وزیر خزانہ بیزلیل اسموتریچ نے ایکس پر لکھا کہ ’عرب جماعتوں کے رہنماؤں سے آج ہی شن بیت کو پوچھ گچھ کرنی چاہیے۔ ریاستِ اسرائیل کو دہشت گردی کے پیسے سے بنیاد پرست اسلام کے ہاتھوں فروخت نہیں ہونے دیا جائے گا‘۔
حکمران جماعت لیکود نے اس معاملے کو ’رام گیٹ اسکینڈل‘ کا نام دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’یہ ایک سیاسی زلزلہ ہے۔ اسرائیل کے انتخابات چرا لیے گئے ہیں!‘ لیکود نے مزید کہا کہ ان الزامات کے بعد اپوزیشن کو کنیسٹ کے اسپیکر عامر اوہانا کو ہٹانے کے لیے 'یونائیٹڈ عرب لسٹ' یا 'رام' کے ساتھ تعاون نہیں کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ حکومتی عہدیداروں کی جانب سے ان الزامات کی حمایت میں تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].