وفاقی حکومت کے احکامات کے بعد خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا: الیکشن کمیشن

وفاقی حکومت کے احکامات کے بعد خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا: الیکشن کمیشن
اسلام آباد(بی بی سی)پاکستان کے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے جاری کردی احکامات کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کے روز ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے خیبر پختونخوا میں، سوائے اُن اضلاع کے جہاں پر گورنر رول اور ایمرجنسی کے بعد آئین کے آرٹیکل A-140 کو معطل کردیا تھا، بلدیاتی الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات شروع کردیے گئے تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے گذشتہ روز جاری کردہ حکم نامے کی شق نمبر 2 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ’جس کے تحت آئینِ پاکستان کے آرٹیکل A-140 کو معطل کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق پچھلے آرڈر کے تحت مخصوص اضلاع کے علاوہ دیگر تمام اضلاع پر بھی کردیا گیا ہے۔‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ آئین کا آرٹیکل A-140صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے، جبکہ اس آرٹیکل کی ذیلی شق (2) کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ حکم نامے کے باعث صوبہ خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ بیان میں مزید گیا ہے کہ ان انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اب تک کیے گئے تمام اقدامات کو بھی تاحکمِ ثانی روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.