ڈیرہ بگٹی(دی باغوان)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نارتھ ڈیرہ بگٹی ڈاکٹر وکیل شیرانی کی زیر صدارت حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام (EPI) کے تحت ضلع بھر کے ویکسینیٹرز کا ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس ڈی ایچ او آفس میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، مانیٹرنگ آفیسر اور ضلع کے تمام ویکسینیٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم، بچوں کو ویکسین کی فراہمی، ویکسینیٹرز کی حاضری، فیلڈ میں کارکردگی اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ایچ او ڈاکٹر وکیل شیرانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگانا محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جو ویکسینیٹرز اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ہیں، ان کے خلاف تنخواہ میں کٹوتی کے ساتھ محکمانہ کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔ تمام ویکسینیٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے مقررہ علاقوں میں باقاعدگی سے فیلڈ ڈیوٹی انجام دیں اور حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ڈاکٹر وکیل شیرانی نے مزید کہا کہ ضلع کے کسی بھی علاقے میں اگر ایک بچہ بھی حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم پایا گیا تو متعلقہ ویکسینیٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ویکسین کی بروقت فراہمی اور ہر بچے تک حفاظتی ٹیکہ جات کی رسائی یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس میں ویکسینیٹرز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے فیلڈ میں درپیش مسائل، ویکسینیشن کوریج میں بہتری اور نگرانی کے نظام کو مزید مثر بنانے کے حوالے سے بھی امور زیر بحث آئے۔ڈی ایچ او نے تمام متعلقہ اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ ضلع میں کوئی بھی بچہ ضروری حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].