کوئٹہ(دی باغوان)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر شاندار ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کی۔ ریلی میں پارٹی رہنماں، کارکنوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں حیدر خان اچکزئی، سحر گل خلجی، سابق وفاقی وزیر خلیل جارج، وارث خان اچکزئی سمیت دیگر رہنماں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے قومی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان ایک عظیم جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا، جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے متحد ہوکر اپنا کردار ادا کریں گے۔ پاکستان کی مضبوطی ہی ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ صوبے کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے قومی ترقی کے سفر کا حصہ بنانا ہوگا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].