کوئٹہ (دی باغوان)آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا اہم اور ناقابل تقسیم حصہ ہے، صوبے کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی قومی ترقی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔آئی جی پولیس بلوچستان نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمیں آزادی کی عظیم نعمت کے ساتھ ساتھ اپنے قومی عہد کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ بحیثیت قوم بالخصوص نوجوان اپنے اپنے شعبوں میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نمایاں اور اہم کردار ادا کریں۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔محمد طاہر نے کہا کہ ملک کی سلامتی، امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے بلوچستان پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔ مستقبل میں بھی ملک اور قوم کے استحکام کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے قیام اور اس کی بقا کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غازیوں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ان تمام افراد کا کردار قابل ستائش اور ہمارے لیے باعث تقلید ہے جنہوں نے ملک کے لیے اپنی خدمات اور قربانیاں پیش کیں۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے عوام اور پولیس فورس ملک کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].