کوئٹہ(دی باغوان)سول سیکرٹریٹ کوئٹہ جہاں روزانہ بڑی تعداد میں سائلین اپنے مسائل کے حل، سرکاری امور کی پیروی اور طلبا مختلف مشکلات کے ازالے کے لیے آتے ہیں، وہاں موٹر سائیکل پارکنگ فیس میں اضافی وصولی نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔شہریوں کے مطابق پہلے سول سیکرٹریٹ میں موٹر سائیکل پارک کرنے کے عوض 30 روپے وصول کیے جاتے تھے، تاہم اب بعض سائلین سے 50 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی میں معمولی رقم بھی غریب اور متوسط طبقے کے لیے اہمیت رکھتی ہے، خصوصا ان افراد کے لیے جو اپنے مسائل کے حل کے لیے دور دراز علاقوں سے سرکاری دفاتر کا رخ کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے موٹر سائیکل پارکنگ فیس 30 روپے مقرر کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے، تاہم سول سیکرٹریٹ کے موٹر سائیکل اسٹینڈ پر مبینہ طور پر اس مقررہ فیس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا اور 30 روپے کے بجائے 50 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔سائلین نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر متعلقہ ادارے نے پارکنگ فیس 30 روپے مقرر کر رکھی ہے تو اس سے زائد رقم کس قانون یا اجازت کے تحت وصول کی جا رہی ہے؟ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں آنے والے عوام کو سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، نہ کہ ان کی مجبوریوں سے اضافی رقم وصول کی جائے۔سائلین نے میٹروپولیٹن کارپوریشن، سول سیکرٹریٹ انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، مقررہ 30 روپے فیس پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اضافی وصولی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونا متعلقہ حکام کی نگرانی کے نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].