سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جائے:کمشنر کوئٹہ

سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جائے:کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ(دی باغوان)کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیر صدارت سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور شہر میں صفائی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی صفائی، کچرے کو ٹھکانے لگانے، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن، ڈرینج کی صفائی اور شہری شکایات کے ازالے سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد بڑچ، سی ای او صفا کوئٹہ دل نواز شاہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ظہور احمد سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشن اور صفا کوئٹہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صفا کوئٹہ حکام کی جانب سے کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کو شہر میں جاری صفائی کے اقدامات، کچرے کو ٹھکانے لگانے اور دیگر معاملات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صفا کوئٹہ اس وقت روزانہ تقریبا 14 ٹن کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگا رہا ہے، جبکہ شہر میں روزانہ تقریبا 16 ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے۔ کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے مشرقی بائی پاس اور کچلاک میں دو ڈمپنگ سائٹس قائم ہیں۔حکام کے مطابق صفا کوئٹہ کی جانب سے کوئٹہ شہر کے تمام 58 وارڈز میں سویپنگ، صفائی ستھرائی، کچرے کو اٹھانے اور ڈرینج کی صفائی کا کام جاری ہے۔گزشتہ دو سال کے دوران 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مقدار میں کوڑا کرکٹ اٹھا کر ڈمپنگ یارڈز تک منتقل کیا جا چکا ہے،جبکہ شہر میں موجود 123 پرانے ڈمپنگ پوائنٹس کو بھی صاف کرکے ختم کیا گیا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صفاکوئٹہ نے صفائی کے نظام کو موثر بنانے کے لیے 1829 لوکل افراد کو ملازمت پر بھرتی کیا ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں خصوصا طلبہ میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے کوئٹہ کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں 100 سے زائد آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جا چکے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صفا کوئٹہ کی جانب سے اس وقت شہر میں 28 اسکیموں میں ڈور ٹو ڈور کچرا کلیکشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔صفائی کے موثر انتظام کے لیے کوئٹہ شہر کو چار زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا جاتا ہے۔شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بھی فعال ہے۔ حکام کے مطابق ستمبر کے دوران موصول ہونے والی 91 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو موثر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک ماہ پر محیط خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ کمپلینٹ نمبر اور شکایات کے اندراج کے طریقہ کار سے آگاہ ہو سکیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کے لیے بلنگ کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے اور صفا کوئٹہ کے بزنس ماڈل کو بھی بتدریج ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صفائی کے نظام میں شفافیت، موثریت اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ بھی شہر میں صفائی ستھرائی کے کام کی نگرانی کریں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.