شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل تجربہ، جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر برائے قومی سلامتی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل تجربہ، جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر برائے قومی سلامتی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
سیئول ۔ (اے پی پی):جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کو اپنے مشرقی ساحل سے ایک بیلسٹک میزائل ’’ایسٹ سی ‘‘ کی طرف فائر کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے خود کو جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر دوبارہ تسلیم کرائے جانے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ یہ میزائل تجربہ اس واقعے کے آٹھ دن بعد کیا گیا جب شمالی کوریا نے ایسٹ سی جسے’’سی آف جاپان‘‘ بھی کہا جاتا ہے ، کی جانب کئی مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے تھے؛ اس کارروائی کو بعد میں مشترکہ فوجی مشق قرار دیا گیا تھا۔یہ پیش رفت شمالی کوریا کی جانب سے اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگران ادارے (IAEA) کی اس قرارداد کو مسترد کرنے کے بعد ہوئی ہے جس میں شمالی کوریا سے اپنی جوہری سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری فوج نے شمالی کوریا کے علاقے وونسان سے ‘ایسٹ سی’ کی جانب دوپہر تقریباً 3 بجے ایک بیلسٹک میزائل داغے جانے کا پتہ لگایا۔ جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ اس نے مزید ممکنہ میزائل تجربات کے پیشِ نظر نگرانی بڑھا دی ہے جبکہ جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان اس میزائل تجربے کے حوالے سے قریبی رابطے میں ہیں اور معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں ۔جاپانی وزیر اعظم کے دفتر نے بھی اس تجربے کی تصدیق کی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ داغا جانے والا ہتھیار ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل تھا۔ بعد ازاں جاپان کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ یہ میزائل گر چکا ہے تاہم اس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے مطابق اس تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر برائے قومی سلامتی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تاکہ ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے اور قومی سلامتی پر اس تجربے کے اثرات کا اندازہ لگایا جا سکے۔جنوبی کوریا کی حکومت نے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا کہ وہ بیلسٹک میزائلوں کے تجربات "فوری طور پر بند” کرے اور اتوار کو کیے گئے اس تجربے کو سنگین اقدام قرار دیا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.