پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تین آئل ٹینکروں میں دھماکوں اور آگ لگنے کا دعویٰ

پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تین آئل ٹینکروں میں دھماکوں اور آگ لگنے کا دعویٰ
تہران(بی بی سی)ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت کے گزرنے کی کوشش کرنے والے تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان میں دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔ منگل کو جاری کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا کہ یہ واقعات رات گئے شروع ہوئے۔ دھماکے اور ان کے بعد لگنے والی آگ اتنی شدید تھی کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں موجود ماہی گیروں نے رات کے وقت آسمان روشن دیکھا۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم پر پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے سامنے آنے والے بیان کے مطابق آئل ٹینکروں نے اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور غیر مجاز راستوں سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران وہ بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے بعد ان میں دھماکے ہوئے اور آبنائے ہرمز کے جنوبی ساحل کے قریب آگ لگ گئی۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایرانی قواعد و ضوابط سے تمام بحری جہازوں کو ریڈیو پیغامات اور سرکاری نوٹس کے ذریعے بارہا آگاہ کیا جا چکا ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور غیر مجاز راستوں سے گزرنے کے لیے امریکی فوج کے ساتھ تعاون کرنے والے جہازوں کو بھی ایسے ہی واقعات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی اصل صورتِ حال وہ ہے جو زمینی حقائق سے ظاہر ہوتی ہے، نہ کہ وہ تصویر جو امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیوز کے ذریعے پیش کر رہے ہیں۔ بیان میں سینٹ کام کے کمانڈر کو ’دہشت گرد کمانڈر‘ بھی قرار دیا گیا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.