کوئٹہ (دی باغوان) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال، نواب ایاز خان جوگیزئی، عبدالقہار خان ودان اور دیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان میں شعبہ صنعت و تجارت اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کے ساتھ ہر مشکل وقت میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ موجودہ حالات میں بلوچستان میں کاروبار کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، امن و امان کی خراب صورتحال نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر جبکہ کاروبار کا پہیہ تقریبا جام کر دیا ہے۔ پارٹی بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے ان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سنیئر نائب صدر مرزاخان خلجی ،نا ئب صدر جنگیان دشتی و دیگر عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک، ریاست اور صوبے کی معیشت میں بزنس کمیونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاجروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کیلئے سازگار ماحول پیدا کئے بغیر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا مشکل ہے اس لئے حکومت اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سنیئر نائب صدر مرزا خان خلجی نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں صوبے کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہار حوصلہ افزا ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اس وقت متعدد مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، جن میں امن و امان کی صورتحال، شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کی نقل و حمل میں رکاوٹیں اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش سکیورٹی مسائل قابل ذکر ہیں۔احمد گل کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور ان کے مالکان و ڈرائیوروں پر حملوں کے واقعات نے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان حالات کے باعث سرمایہ کار بلوچستان میں کاروبار کرنے کے بجائے دیگر صوبوں کو ترجیح دے رہے ہیں، جس سے صوبے کی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاجر و کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں اور حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیمبر آف کامرس کی نومنتخب قیادت کی کوشش ہوگی کہ صوبے کی بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے اور تاجروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو ملک اور صوبے کے اعلیٰ حکام تک موثر انداز میں پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کاروباری طبقے کی آواز بن کر ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن فورم پر آواز اٹھائے گا تاکہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو بحال، سرمایہ کاری کو فروغ اور صنعت و تجارت کے شعبے کو درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماں عبدالرحیم زیارتوال، نواب ایاز خان جوگیزئی، عبدالقہار خان ودان اور دیگر نے اس موقع پر ایک بار پھر چیمبر کے نومنتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی مشکل کی ہر گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ موجود رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کے مسائل کے حل، امن و امان کی بہتری اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سیاسی و کاروباری قیادت کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].