نصیرآباد ڈویژن کے ضلع صحبت پور سے تعلق رکھنے والے معروف زمیندار اور سیاسی و سماجی روایات کے حامل گھرانے میں پرورش پانے والے بلوچستان اسمبلی کے رکن صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ کا شمار بلوچستان کے ان عوام دوست اور متحرک سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ میر سلیم احمد خان کھوسہ نے ہمیشہ بلا امتیاز رنگ و نسل، سیاسی وابستگی اور علاقائی تفریق عوام کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی عوام دوست پالیسیوں، سیاسی بصیرت اور عوام کے ساتھ مضبوط رابطے کی بدولت بار بار بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں۔ان کی سیاست کا بنیادی محور عوام کی خدمت اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ بلوچستان کے گرین بیلٹ خصوصاً نصیرآباد ڈویژن کی معاشی خوشحالی کا انحصار بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر، مواصلاتی نظام کی توسیع اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر ہے۔ بطور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات وہ ان شعبوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ دیہی علاقوں کو شہروں سے منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ کسانوں، تاجروں اور عام شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ ان کا وژن ہے کہ ترقی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہیں بلکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی یکساں طور پر مستفید ہوں۔ میر سلیم احمد خان کھوسہ کا سیاسی طرز عمل اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ عوامی نمائندگی محض ایک منصب نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، جسے دیانت داری، خلوص اور احساس ذمہ داری کے ساتھ نبھانا ضروری ہے۔ یہی بے لوث جذبہ خدمت، عوام سے قربت اور علاقے کی ترقی کے لیے مسلسل جدوجہد ان کی سیاسی شناخت اور عوامی مقبولیت کا نمایاں حوالہ ہے۔موجودہ صوبائی حکومت میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے محکمے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اپنی تمام تر توجہ، صلاحیتیں اور توانائیاں محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وقف کر رکھی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع بالخصوص دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ میر سلیم احمد خان کھوسہ نے وزارت کا منصب سنبھالتے ہی محکمے کی مجموعی کارکردگی، زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، تعمیراتی معیار اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور اس سلسلے میں بلوچستان کے مختلف ڈویژنوں کے دورے کرکے موقع پر ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کیا۔ ان دوروں کا بنیادی مقصد صرف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت معلوم کرنا نہیں بلکہ منصوبوں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار، مقررہ مدت میں تکمیل، سرکاری وسائل کے شفاف استعمال اور عوامی ضروریات کے مطابق منصوبوں کی افادیت کو یقینی بنانا بھی ہے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے متعلقہ انجینئرز اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، ناقص میٹریل کے استعمال، غیر ضروری تاخیر اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ تمام منصوبے منظور شدہ ڈیزائن، تخمینہ لاگت اور محکمانہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ اسی سلسلے میں بلوچستان کے اہم زرعی خطے گرین بیلٹ نصیرآباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے گزشتہ دنوں چیف انجینئر نصیرآباد زون بشیر ناصر کے ہمراہ ڈویژن کے تین اضلاع صحبت پور، جعفرآباد اور اوستہ محمد کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز کی نگرانی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی پیش رفت، معیار اور درپیش مسائل کے حوالے سے متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ صوبائی وزیر نے موقع پر موجود انجینئرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوامی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو ذمہ داری کے ساتھ بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ نصیرآباد ڈویژن کی جغرافیائی اور زرعی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی کو خصوصی اہمیت دی جائے کیونکہ بہتر مواصلاتی نظام نہ صرف عوام کو سفری سہولیات فراہم کرتا ہے بلکہ زرعی اجناس کی بروقت منڈیوں تک رسائی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور علاقے کی معاشی ترقی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ میر سلیم خان کھوسہ کی جانب سے مختلف ڈویژنوں کے دوروں، ترقیاتی منصوبوں کی براہ راست نگرانی اور انجینئرز کو سخت محکمانہ ہدایات دینے کا تسلسل اس عزم کا اظہار ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کو عملی شکل دینے کے لیے سنجیدہ ہے اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور مدت کے مطابق مکمل کرکے عوام کو ان کے ثمرات پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے اپنے دورہ نصیرآباد ڈویژن کے دوران اپنے حلقہ انتخاب ضلع صحبت پور میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین، چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات نصیرآباد زون بشیر ناصر اور سپرنٹنڈنگ انجینئر فدا حسین کھوسہ ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات روڈز نصیرآباد بوستان خان چانڈیو بھی ان کے ہمراہ تھےدورے کے دوران صوبائی وزیر نے ضلع صحبت پور کے اہم ترقیاتی منصوبے کشمور روڈ کا معائنہ کیا، جہاں متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آر روڈز صحبت پور عبدالستار بنگلزئی نے انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی پیش رفت اور دیگر تکنیکی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کشمور روڈ کا منصوبہ نہ صرف ضلع صحبت پور بلکہ بلوچستان کے اہم زرعی خطے گرین بیلٹ نصیرآباد ڈویژن اور صوبے کے بالائی علاقوں سے آنے والے مسافروں کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ منصوبہ بلوچستان کو سندھ اور پنجاب کے اہم سفری راستوں سے منسلک کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔اس منصوبے کی تکمیل سے مسافروں کو بہتر، محفوظ اور آسان سفری سہولیات میسر آنے کے ساتھ ساتھ طویل فاصلے کے سفر میں وقت کی بچت بھی ممکن ہوگی، جبکہ تجارتی سرگرمیوں، زرعی اجناس کی ترسیل اور بین الصوبائی رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔ خصوصاً پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو اس منصوبے سے خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی اس اہم منصوبے کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ عوام کو جلد از جلد اس کے ثمرات فراہم کیے جاسکیں۔ صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے دورے کے دوران ضلع صحبت پور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر نگرانی جاری دیگر سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی فرداً فرداً جائزہ لیا اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر عبدالستار بنگلزئی سےبلیک ٹاپ روڈ بھالو پور تا نصیر شاخ بلیک ٹاپ روڈ ایڈوکیٹ غلام علی بادینی بلیک ٹاپ روڈ پنجہ خان بھنگر اور بلیک ٹاپ روڈ ٹکری عبدالرحمن سمیت دیگر منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ضلع صحبت پور کی تعمیر و ترقی کے عمل کو مزید تیز بنایا جاسکے۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے اپنے دورہ ضلع صحبت پور کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات کے بلڈنگز شعبے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایگرو مارکیٹ، پری فیب چینجنگ روم، ریسٹ ہاؤس، ملٹی پرپز ہال اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس سمیت مختلف تعمیراتی منصوبوں کا دورہ کیا، جبکہ ڈیجیٹل لائبریری جیا خان اور لائیو اسٹاک آفس ضلع صحبت پور کی نئی تعمیر شدہ عمارتوں کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ دورے کے دوران متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر ارشاد علی سیلاچی اور سب ڈویژنل آفیسر یونس ابڑو نے صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، تکمیل کے مراحل اور دیگر محکمانہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ فراہم کی۔ صوبائی وزیر نے مختلف منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کے معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ انجینئرز کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مقررہ اسٹینڈرڈز، منظور شدہ ڈیزائن اور تکنیکی اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کا درست استعمال یقینی بنانا متعلقہ افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا تعمیراتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت یا ناقص میٹریل کے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور تعمیراتی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں تاکہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں معیاری انداز سے مکمل ہوکر عوام کے لیے قابل استعمال بن سکیں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے اپنے دورہ نصیرآباد ڈویژن کے دوران ضلع جعفرآباد میں بھی محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر نگرانی جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔پارلیمانی سیکرٹری کے نمائندہ مٹھا خان بادینی اور معروف گورنمنٹ کنٹریکٹر میر خالد خان کھوسہ بھی ان کے ہمراہ تھے اس موقع پر چیف انجینئر نصیرآباد زون بشیر احمد ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز سے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور تکمیل کے مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ دورے کے دوران انہوں نے رکن بلوچستان اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی انجینئر عبدالمجید بادینی کی خصوصی کاوشوں سے ڈیرہ اللہ یار شہر میں سیوریج کے نکاس کے لیے زیر تعمیر مین نالے کا معائنہ کیا اور منصوبے کی افادیت و اہمیت کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ یہ منصوبہ شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش سیوریج کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا، جس سے شہری آبادی کو درپیش مشکلات میں کمی لانے اور صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کے دفتر میں زیر تعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا، جہاں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز عتیق الرحمن نے انہیں جاری تعمیراتی کاموں، منصوبے کی پیش رفت اور دیگر تکنیکی امور کے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ میر سلیم احمد خان کھوسہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مقررہ اسٹینڈرڈز اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کا استعمال، غیر ضروری تاخیر اور غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے انجینئرز پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ سرکاری وسائل عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں اور شہری ان ترقیاتی اسکیموں سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے اپنے دورہ نصیرآباد ڈویژن کے موقع پر ضلع استامحمد کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات بلڈنگز کے زیر نگرانی جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے زیر تعمیر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس اور ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ، زیر تعمیر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) آفس اور رہائش گاہ، پری فیب رہائش گاہوں، فروٹ اینڈ سبزی مارکیٹ کمیٹی استا محمد سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات بشیر ناصر نے صوبائی وزیر کو مختلف منصوبوں کی تعمیراتی پیش رفت، معیار، دستیاب سہولیات اور مجموعی ترقیاتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا باریک بینی سے مشاہدہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام مقررہ معیار اور طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق جاری رکھا جائے اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومت بلوچستان کے ویژن اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی ایجنڈے کے مطابق نصیرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں پی ایس ڈی پی سمیت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) پروگرام کے تحت بھی متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کا صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے اپنے دورے کے دوران تفصیلی جائزہ لیا جبکہ مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ کا نصیرآباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کا دورہ موجودہ حکومت کے وژن پختہ تعمیر بلوچستان کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ ان کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر معائنہ، تعمیراتی کام کے معیار اور منصوبوں کے خدوخال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو ضروری ہدایات جاری کرنا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور شفافیت کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے ترقیاتی امور کی مسلسل نگرانی نہ صرف عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے بلکہ اس سے یہ بھی یقینی بنایا جا سکے گا کہ تمام منصوبے مقررہ معیار، منظور شدہ پی سی ون اور طے شدہ ڈیزائن کے مطابق مکمل ہوں تاکہ عوام ان سے طویل المدتی اور دیرپا فوائد حاصل کرسکیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور کسی بھی علاقے کو ترقی کے عمل سے محروم نہ رکھا جائے۔ اسی حکومتی وژن کو عملی شکل دینے کے لیے صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ اور چیف انجینئر نصیرآباد زون بشیر ناصر تسلسل کے ساتھ نصیرآباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کے دورے کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور دیگر امور کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔ صوبائی وزیر کا یہ فعال اور متحرک کردار نہ صرف عوام کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا بلکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران اور انجینئرز کی حوصلہ افزائی کا باعث بھی ہوگا۔ میر سلیم خان کھوسہ نے عوامی خدمت کا جذبہ الحاج میر نبی بخش کھوسہ اور میر ظہور خان کھوسہ کی سیاسی درسگاہ سے حاصل کیا ہے اور آج انہی کی تربیت اور سیاسی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے عوام کی بلاامتیاز خدمت کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر کی عوام دوست پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی نگرانی اور عوامی مفادات کو ترجیح دینے کے اقدامات کو حلقے اور ڈویژن کے عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ وہ عوام کے درمیان موجود رہ کر ان کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کرتے ہیں اور ترقیاتی امور کی عملی نگرانی کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ اپنے آئندہ دورے کے دوران ضلع نصیرآباد اور ضلع جھل مگسی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ بلاشبہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ نہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے مثبت نتائج مستقبل میں عوامی سہولیات اور علاقے کی مجموعی ترقی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].